کووڈ-۱۹ اور ہَیکلیں کیونکہ دنیا میں بھلے جو مرضی ہوجا ئے پرخدا کا کام کبھی نہیں روکتا۔

میرے عزیز بھائیو اور بہنو، ہم حقیقی معنوں میں رُوحانی طور پر سیر ہوئے ہیں۔ میں پوری مجلس کے دوران کی جانے والی دُعاؤں، دیے گئے پیغامات، اور موسیقی کے لیے نہایت شُکرگُزار ہوں۔ آپ جہاں سے بھی ہمارے ساتھ شامل ہوئے ہیں، مَیں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

گذشتہ سال کے اوائل میں، کووڈ-۱۹ وبائی بیماری اور اچھے عالمی شہری بننے کی ہماری خواہش کی وجہ سے، ہم نے تمام ہَیکلوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا۔ ہَیکلوں کو عارضی طور پر بند کرنے کے مہینوں بعد، ہم نے انتہائی محتاط انداز میں ہَیکلوں کو بتدریج دُوبارہ کھولنے کی تحریک پائی۔ مقامی حکومتی قواعد اور حفاظتی ضوابط کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے، ہَیکلوں کو اب چار مراحل میں کھولا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے کی ہَیکلوں میں، ایسے اہل جوڑے جو پہلے سے اپنی ودیعیت پا چکے ہیں، وہ خاوند اور بیوی کی حیثیت سے سربمہر کیے جا سکتے ہیں۔

دُوسرے مرحلے کی ہَیکلوں میں، زِندہ لوگوں کے لیے تمام رُسُوم ادا کی جاتی ہیں، بشمول کسی شخص کی اپنی ودیعیت، شوہر اور بیوی کی سربمہریت، اور بچّوں کی والدین کے ساتھ سربمہریت کے۔ ہم نے حال ہی میں دُوسرے مرحلے کی شقوں میں ترمیم کی ہے اور ہمارے نوجوان، نئے اَرکان اور دیگر افراد اجازت نامہ برائے محدود اِستعمال کے ساتھ اپنے آباؤ اجداد کے لیے نیابتی بپتسموں میں حصّہ لے سکتے ہیں۔

تیسرے مرحلے کی ہَیکلوں کے لیے، وہ جو مُقررہ تفویضات کے حامل ہیں، وہ نہ صرف زِندہ لوگوں کی رُسُوم میں بلکہ متوفّی آباؤ اجداد کی تمام نیابتی رُسُوم میں بھی حصّہ لے سکتے ہیں۔

چوتھے مرحلے میں ہَیکلیں مکمل، باقاعدہ طور پر سرگرم ہوں گی۔

اِس بدلتے اور مشکل دور کے دوران ہم آپ کے صبر اور سرشار خدمات کے لیے شُکر گُزار ہیں۔ میں دُعاگو ہوں کہ آپ کی ہَیکل میں عبادت اور خدمت کرنے کی خواہش پہلے سے کہیں زیادہ اب روشن ہو۔

عین ممکن ہے کہ آپ محو حیرت ہوں گے کہ کب آپ ہَیکل میں واپس جا سکیں گے۔ جواب: جب آپ کے مقامی حکومتی قواعد و ضوابط اجازت دیں گے تو آپ کی ہَیکل کو کھول دیا جائے گا۔ جب آپ کے علاقے میں کووڈ-۱۹ کے مریضوں کی تعداد محفوظ حدود میں ہو گی تو، آپ کی ہَیکل کو دُوبارہ کھول دیا جائے گا۔ اپنے علاقے میں کووڈ کے پھیلاؤ میں کمی لانے میں ہر ممکن کوشش کریں تاکہ آپ کے ہَیکل جانے کے مواقع بڑھ سکیں۔

اِس اثنا میں، اپنے ہَیکلی عُہود اور برکتوں کو اپنے ذہنوں اور دِلوں میں اوّلین ترجیح دیں۔ جو عہُود آپ نے باندھے ہیں اُن پر قائم رہیں۔

ہم مستقبل کے لیے ابھی تیاری کر رہے ہیں! اِس وقت اکتالیس ہَیکلوں کی تعمیر یا تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے۔ ابھی پچھلے سال ہی، وبائی مرض کے باوجود، ۲۱ نئی ہَیکلوں کی بُنیاد رکھی گئی تھی!

ہم خُداوند کے گھر کو اپنے اَرکان کے قریب تر لانا چاہتے ہیں، تاکہ جتنے زیادہ اُن کے حالات اجازت دیں اُنھیں ہَیکل میں شرکت کرنے کا مُقدّس اعزاز حاصل ہو۔

۲۰ مزید ہَیکلوں کی تعمیر کے ہمارے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے، مَیں—ماضی اور حال—کے پیش رؤوں پر غور کرتا اور اُنھیں سراہتا ہوں جن کی مُقدّس زِندگیاں آج اِس تاریخ کو رقم کرنے میں ہماری معاون ثابت ہوئی ہیں۔ درج ذیل مقامات پر نئی ہَیکلیں تعمیر کی جائیں گی: اوسلو، ناروے؛ برسلز، بیلجیم؛ ویانا، آسٹریا؛ کمسی، گھانا؛ بیئرا، موزمبیق؛ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ؛ سنگاپور، جمہوریہ سنگاپور؛ بیلو ہوریزونٹے، برازیل؛ کالی، کولمبیا؛ کوئیرٹارو، میکسیکو؛ ٹورین، میکسیکو؛ ہیلینا، مونٹانا؛ کیسپر، واؤمنگ؛ گرینڈ جنکشن، کولوراڈو؛ فارمنگٹن، نیو میکسیکو؛ برلی، ایڈاہو؛ یوجین، اوریگون؛ ایلکو، نیواڈا؛ یوربہ لِنڈا، کیلیفورنیا؛ اور سمتھ فیلڈ، یوٹاہ۔

ہَیکلیں کاملاً یِسُوع مسِیح کی اِنجِیل کی بحالی کا ایک انتہائی اہم حصّہ ہیں۔ ہَیکل کی رُسُوم ہماری زِندگیوں کو قُدرت اور تقویت سے مالا مال کرتی ہیں جو کسی اور صورت حاصل نہیں ہو سکتی ہیں۔ ہم اُن نعمتوں کے لیے خُدا کے شُکر گُزار ہیں۔

اِس مجلس کے اختتام پہ، ہم ایک بار پھر آپ سے محبّت کا اِظہار کرتے ہیں۔ ہماری دُعا ہے کہ خُدا آپ میں سے ہر ایک پر اپنی رحمتیں نچھاور کرے اور آپ کا مُحافظ ہو۔ اکٹھے ہم اُس کی مُقدّس خدمت میں مشغول ہیں۔ ہمّت کے ساتھ، آئیں ہم سب خُداوند کے جلالی کام میں آگے بڑھیں! اِس غرض سے میں دُعاگو ہوں، یِسُوع مسِیح کے مُقدّس نام پر، آمین۔