میرے پیارے بھائیو، خُداوند کی فوج کے کہانتی حاملین کے اِس عظیم اجتماع کا منظر نہایت حوصلہ افزا ہے۔ آپ اچھائی کی زبردست طاقت ہیں! ہم آپ سے پیار کرتے ہیں۔ ہم آپ کے لیے دُعاگو ہیں۔ اور ہم آپ کے لیے نہایت شکر گزار ہیں۔
حال ہی میں میں نے جوزف سمتھ کے ذریعہ دی گئی خُداوند کی ہدایات کے بارے میں بہت سوچا ہے: ”اِس نسل کو تَوبہ کے سوائے اور کوئی تعلیم نہ دینا۔“۱ یہ اعلان اکثر پاک کلام میں دہرایا گیا ہے۔۲ یہ ایک واضح سوال کی طرف اشارہ کرتا ہے: ”کیا سب کو تَوبہ کرنے کی ضرورت ہے؟“ اِس کا جواب ہے، جی ہاں۔
بہت سے لوگ تَوبہ کو سزا سمجھتے ہیں—اور سب سے زیادہ سنگین حالات کے علاوہ اِس سے بھاگتے ہیں۔ لیکن سزا کا یہ احساس شیطان وجود میں لاتا ہے۔ وہ ہمیں یِسُوع مِسیح کے متلاشی ہونے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے،۳ جو ہمیں شفا دینے، معاف کرنے، صاف کرنے، مضبوطی بخشنے، پاک کرنے اور مقدس کرنے کی اُمید اور تیاری میں بازو کھولے کھڑا ہے،۴۔
یونانی نئے عہد نامہ میں تَوبہ کے لیے لفظ میٹا نی اُوہ استعمال ہوا ہے۔ اِس کا سابقہ کلمہ یعنی میٹا- کے معنی ”تبدیلی“ ہیں۔ آخری لاحقہ –نی اُوہ اُن یونانی الفاظ سے وابستہ ہے جن کا مطلب ”ذہن“ ”علم“ ”رُوح“ اور ”سانس“ ہے۔۵
چنانچہ، جب یِسُوع آپ کو اور مجھ سے کہتا ہے کہ ”تَوبہ کرو، “۶ تو وہ ہمیں اپنا ذہن، اپنا علم، اپنی رُوح—یہاں تک کہ اپنے سانس لینے کے طریقے کو تبدیل کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ وہ ہمیں پیار کرنے، سوچنے، خدمت کرنے،اپنا وقت خرچ کرنے، اپنی بیویوں کے ساتھ برتاؤ، اپنے بچوں کو تعلیم دینے اور یہاں تک کہ اپنے جسموں کی دیکھ بھال کرنے کے طریقوں کو بھی تبدیل کرنے کا کہتا ہے۔
انفرادی ترقّی کے لیے باقاعدگی سے روزانہ، تَوبہ پر دھیان لگانے سے زیادہ آزادانہ، بڑا یا اہم کام اور کوئی نہیں۔ تَوبہ ایک بار پیش آنے والا واقعہ نہیں ہے؛ یہ ایک عمل کا نام ہے۔ یہ خوشی اور ذہنی اطمینان کی کنجی ہے۔ اِیمان کے ساتھ مل کر، تَوبہ یِسُوع مِسیح کے کفارہ کی قدرت تک ہماری رسائی کو یقینی بناتی ہے۔۷
چاہے آپ عہد کے راستے پر بڑی جانفشانی سے گامزن ہیں، یا عہد کے راستے سے بھٹک گئے ہیں، یا جہاں اب آپ کھڑے ہیں اُس جگہ سے راستہ نہیں دیکھ پا رہے، میں آپ سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ توبہ کریں۔ روزانہ تَوبہ کی مضبوطی بخشنے والی قوت کا تجربہ حاصل کریں—روزانہ کچھ بہتر کرنے اور بننے کا تجربہ۔
جب ہم تَوبہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو، ہم تبدیل ہونے کا انتخاب کرتے ہیں! ہم نجات دہندہ کو خود کی بہترین تبدیل شدہ صورت میں ڈھالنے کی اجازت دیتے ہیں۔ ہم رُوحانی طور پر بڑھنے اور خوشی حاصل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں—اُس میں مخلصی کی خوشی۔۸ جب ہم تَوبہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں، تو ہم مزید یِسُوع مِسیح کی مانند بننے کا انتخاب کرتے ہیں!۹
بھائیو، ضروری ہے کہ ہم بہتر کریں اور بہتر بنیں کیوں کہ ہم جنگ کی حالت میں ہیں۔ گناہ کے ساتھ جنگحقیقی ہے۔ گواہیوں میں خلل اندازی اور خُداوند کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے مقصد سے مخالف اپنی کوششوں میں بے انتہا اضافہ کر رہا ہے۔ وہ اپنے چیلوں کو زبردست ہتھیاروں سے آراستہ کر رہا ہے تاکہ ہم خُداوند کی خوشی اور محبّت حاصل نہ کر پائیں۔۱۰
تَوبہ مخالف کے پھندوں کی تکلیف سے بچنے کی کنجی ہے۔ ہماری دائمی ترقّی کے اِس مرحلہ میں خُداوند ہم سے کاملیت کی توقع نہیں رکھتا۔ لیکن وہ ہم سے کثیر پاکیزگی کی توقع رکھتا ہے۔ روزانہ تَوبہ کرنے سے پاکیزگی حاصل ہوتی ہے، اور پاکیزگی قوت بخشتی ہے۔ ذاتی پاکیزگی ہمیں خُدا کے ہاتھوں میں طاقتور ہتھیار بنا سکتی ہے۔ ہماری تَوبہ—ہماری پاکیزگی—اسرائیل کو اکٹھا کرنے میں مدد کے لیے ہمیں بااختیار بنائے گی۔
خُداوند نے نبی جوزف سمتھ کو سکھایا ”کہ کہانت کا اِختیار غیر منفک طور پر آسمانی قوتوں سے منسلک ہے، اور یہ کہ آسمانی قوتیں ماسوائے راست بازی کے اُصولوں کے اور کسی طرح سے استعمال نہیں کی جاسکتی ہیں۔“۱۱
ہم جانتے ہیں کہ ہمیں آسمانی قوتوں تک زیادہ رسائی کون سی چیز دلا سکتی ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہماری ترقّی میں رکاوٹ کا سبب کون سی چیز بنتی ہے—آسمانی قوتوں تک زیادہ رسائی پانے کے لیے ہمیں کون سی چیز چھوڑنی چاہیے۔ بھائیو، دُعاگو ہو کر اپنی تَوبہ میں رکاوٹ کے فہم کے متلاشی ہوں۔ شناخت کریں کہ آپ کو تَوبہ کرنے سے کون سی چیز روکتی ہے۔ اور پھر، تبدیل ہو جائیں! تَوبہ کریں! ہم سب پہلے سے کہیں بہتر کر سکتے ہیں اور بہتر بن سکتے ہیں۔۱۲
کئی مخصوص طریقوں سے ہم ممکنہ طور پر بہتر بن سکتے ہیں۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے بدنوں کے ساتھ کیسا سلوک کرتے ہیں۔ میں انسانی بدن جیسے معجزہ سے محو جلال ہوتا ہوں۔ یہ ایک شاندار تخلیق ہے، جو ہمارے حتمی الٰہی مقدور کی جانب ہماری بتدریج ترقّی کے لیے ضروری ہے۔ ہم اِس کے بغیر ترقّی نہیں کر سکتے۔ بدن کا تحفہ دیتے ہوئے، خُدا نے ہمیں مزید اُس کی مانند بننے کے لیے ایک اہم قدم اٹھانے کی اجازت دی ہے۔
شیطان اِس بات کو سمجھتا ہے۔ اِس حقیقت سے خفا کہ اپنی قبل فانی زندگی کی برگشتگی کے باعث اُسے مستقل طور پر یہ اعزاز حاصل نہیں ہو سکتا، وہ حسد اور رنجیدگی کی مسلسل حالت میں جھونکا گیا ہے۔ تاہم بہت سی، اگر زیادہ نہیں، ہمارے راستے میں آنے والی آزمائشیں اپنے یا دوسروں کے بدنوں کے ساتھ زیادتی کرنے کے بارے میں ہوتی ہیں۔ کیوں کہ شیطان بدن کے بغیر بد حال ہے، وہ ہمیں ہمارے بدن کی وجہ سے بد حال کرنا چاہتا ہے۔۱۳
آپ کا بدن آپ کا ذاتی مَقدِس ہے، جو آپ کی ابدی رُوح کے بسیرا کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔۱۴ اُس مَقدِس کی آپ کی دیکھ بھال اہمیت کی حامل ہے۔ اب، بھائیو میں آپ سے پوچھتا ہوں: کیا آپ اپنے پہناوے اور بناؤ سنگھار سے خُدا کو خوش کرنے کے بجائے دُنیا کو لُبھانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں؟ اِس سوال کے عوض آپ کا جواب اُس کے شاندار تحفہ کے بارے میں آپ کے احساسات کی بلاواسطہ نمائندگی کرتا ہے۔ ہمارے بدنوں کی تعظیم کے بارے میں، بھائیو، مجھے لگتا ہے کہ ہم بہتر کر سکتے ہیں اور بہتر بن سکتے ہیں۔
ایک اور طریقہ جس سے ہم بہتر کام کرسکتے اور بہتر بن سکتے ہیں یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں خواتین کی عزت کیسے کرتے ہیں، ہماری بیویوں اور بیٹیوں، ہماری ماؤں اور بہنوں سے شروعات کرتے ہوئے۔۱۵
Farooq Ashraf
Latest posts by Farooq Ashraf (see all)
- یہ میری اِنجِیل ہے“—”یہ میری کلِیسیا ہے - 10/17/2024
- پُکارو، نہ کہ گِرو - 08/26/2024
- یہ خُداوند کی دانِست میں ہے کہ ہم مورمن کی کِتاب حاصِل کریں - 07/30/2024